سال 2023 فیشن اور اسٹائل کی دنیا کا شاندار سال رہا۔اس سال میں پاکستان میں کئی فیشن شو ہوئے جو بھرپور کامیابی کے ساتھ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے۔ حال ہی میں پاکستان میں برائیڈل کیٹیور ویک 2023 کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ فیشن ویک ابتدا سے ہی لوگوں کی نظروں میں معروف و مقبول ہونے لگا اور شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
اس فیشن ویک کا آغاز 15 دسمبر کو ہوا اور تین دن کے بعد 18 کو یہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ شو کا انعقاد لاہور میں کیا گیا۔اور نجی ٹی وی چینل "ہم ٹی وی” کی جانب سے تینوں دن نشر کیا گیا۔
اس برائڈل شو میں نہ صرف معروف ماڈلز اور نامور اداکاروں نے ریمپ پر جلوے دکھائے بلکہ گلوکار بھی پیش پیش رہے۔ اس فیشن شو کی دلچسب اور انوکھی بات یہ تھی کہ بہت سے اداکاروں نے اوپن فورم پر فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اور ہاتھوں میں پوسٹرز اٹھا کر فلسطین کی حمایت کی۔ شو کے آغاز میں ہی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی ظلم کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ یہ اپنے آپ میں ایک بہترین عمل تھا۔
فیشن ویک ، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، حصوصی طور پر عروسی ملبوسات کی نمائش کے لیے اہم تھا۔اور صرف ایک دن میں تقریبا 9 ڈیزائنرز نے اپنے اپنے کام کی نمائش کی اور لوگوں سے داد سمیٹی۔ اس فیشن ویک کی ایک اور انفرادی خاصیت یہ ہے کہ اس میں اداکاروں کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاکرزاور یو ٹیوبرز کو بھی نہ صرف شامل کیا گیا بلکہ اداکاروں کی طرح ہی بطور شو اسٹاپرز ترجیح بھی دی گئی۔
اس فیشن ویک میں ڈیزائینر عمران راجپوت ، رابعہ وہاب، عنایہ اور حورین، طیب آہو، مسک، مہدی، شیزا حسنے، ویسٹیڈو مینس وئیر اور سائرہ رضوان جیسے بڑے ناموں نے اپنے اپنے ملبوسات کی نمائش کی اور لوگوں کے سامنے بہت خوبصورتی سے پیش کیا۔ عمران راجپوت نے دولہے کے کپڑوں کی نمائش کی اوردیکھنے والوں سے داد وصول کی۔
شو کی زینت بنے اداکاروں میں عمران اشرف، احسن خان ، صبا قمر ، ایمان علی، حرا مانی ، آمنہ الیاس، زویا ناصر، مومن ثاقب ، مومل شیخ ، بلال سعید، امانت علی، سارہ خان اور جویریہ سعود جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں جو ریمپ پر جلوہ گر ہوئے۔ اس کے علاوہ مشہور ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز بھی پیش پیش رہے۔ اس کے علاوہ موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا ، مشہور و معروف گلوکار فلک شبیر اور بلال سعید نے اپنی آواز کے جادو بکھیرے۔ اور دیکھنے والوں کو بے حد محظوظ کیا۔
اس فیشن ویک میں بہت سے اداکاروں کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی سراہا گیا اور لوگوں نے ان اداکاروں کو خوب داد دی۔ جن میں احسن خان کا نام سب سے اہم ہے جو ریمپ پر ہاتھ میں پلے کارڈ لیے آئے جس پر فلسطین میں امن کے قیام کی حمایت کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس سمیت کئی ماڈلز نے فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کا روایتی ، سفید و سیاہ رنگ سے بنا اسکارف ‘کوفیہ’ پہنا اور اسی میں ریمپ واک کے لیے آئے۔اس ریمپ واک کے دوران فلسطین کے حق میں گانے بھی چلائے گئے۔ عمران اشرف نے اس دوران پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔ اداکاروں اور ماڈلز کے اس عمل نے دیکھنے والوں کے دلوں میں الگ جگہ بنالی۔
اس فیشن ویک کو جہاں ایک طرف لوگوں کی جانب سے بے پناہ پذیرائی ملی وہیں دوسری طرف چند شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ڈیزائنرز کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ اداکارہ کبری خان نے ملبوسات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ” کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہمارے ہاں فیشن ڈیزائنر کچھ زیادہ ہی لاجواب ہیں، اگر آپ اپنے ملبوسات کی تشہیر کے لیے شو اسٹاپرز کا انتخاب کررہے ہیں تو کم از کم ان کی فٹنگ کے مطابق ملبوسات تیار کرائیں۔”
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ” اگر آپ ایسا نہیں کرسکتے تو ایسے شو اسٹاپر کا انتخاب کریں جن پر آپ کے ملبوسات بلکل فٹ آئیں ، ورنہ ماڈلز و شو اسٹاپرز ریمپ پر پراعتماد نظر نہیں آئیں گی اور آپ کے ملبوسات کی تشہیر درست طریقے سے نہیں ہوگی۔”
اسی طرح سوشل میڈیا پر کئی کلپس وائرل ہوئے جن پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بڑے اور اہم ایونٹ کے لیے ماڈلز کی بجائے سوشل میڈیا شخصیات کا انتخاب کرنا غلط فیصلہ ہے۔ اس کے علاہ صارفین نے ڈیزائنرز پر ملبوسات کی فٹنگ کے حوالے سے بھی کافی تنقید کی ہے۔ لیکن اس سب کے باوجود یہ فیشن ویک صارفین پر اپنی چھاپ چھوڑنے میں کافی حد تک کامیاب ہوا ہے اور دیکھنے والوں نے اس فیشن ویک کو بہت سراہا بھی ہے۔