پاکستان کے مقامی ذائقے

دنیا بھر میں پاکستان اپنی خوراک کی زیبائی اور ذائقہ کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں ہر علاقہ کی اپنی دیسی خوراکیں اور پرلطف کھانے ہیں۔ جو کہ اس علاقہ کی خاصیت ہیں۔ پاکستانی کھانے تاریخی اعتبار سے بھی اہم ہیں کیونکہ بہت سی ایسی ڈشز ہیں جوکہ ہمیں ہزاروں سال پہلے کے بادشاہوں اور حکمرانوں کے دسترخوانوں تک لے جاتی ہیں۔ یہ ڈشز ان عہد حکومتوں کی ہی میراث ہیں جو ہمیں ہمارے اجداد کے متعلق یاد دہانی کراتی ہیں۔  پاکستان میں کھانوں کی انواع و اقسام کا احاطہ کرنا ذرا مشکل ہے کیونکہ ہر علاقہ اپنی روایات کے مطابق منفرد خصوصیات رکھتا ہے۔ پاکستانی کھانے اپنے اعلی معیار اور لذت کی بدولت پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ اسی لیے آپ چاہے کسی بھی ملک میں چلے جائیں ، آپ کوپاکستانی کھانے با آسانی دستیاب ہوں گے۔

یہ بات قابل تعریف ہے کہ پاکستان کے مشہور کھانے نہ صرف ایشیائی باشندے بلکہ یورپین لوگ بھی بڑے شوق سے کھاتے ہیں اور بہت پسند بھی کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ مقامی عرب لوگ بھی پاکستان کے کھانوں کی تعریف کرتے ہیں۔ یوں تو اللہ کا لاکھ شکر ہے کہ پاکستان اور پاکستانی معدنیات کی پوری دنیا میں الگ پہچان ہے مگر اس کے علاوہ پاکستانی کھانوں کا بھی اپنا الگ معیار قائم ہوچکا ہے۔ یہ کھانے حقیقی ذائقوں اور ثقافت کو ظاہر کرتے ہیں ۔یہ منفرد قسم کے خاص مصالحہ جات سے تیار کیے جاتے ہیں۔ ان کا خاص انداز ، مزیدارذائقہ اور روایت ، پاکستانی کھانوں کو بہت خاص اور منفرد بنادیتی ہے جوکہ دنیا بھر سے آئے لوگوں کا دل موہ لیتے ہیں اور کھانے والے تعریف کیے بغیر نہیں رہ پاتے۔

پاکستانی کھانوں کی ایک لمبی چوڑی فہرست ہے جو کہ ذائقہ اور لذت کے اعتبار سے انفرادی خصوصیات کے حامل ہیں۔ مگر چند مقبول و معروف کھانوں کے متعلق بات کرنا ضروری ہے۔ پاکستان میں سب سے ذیادہ پسند کی جانے والی ڈش بریانی ہے۔دنیا بھر میں جہاں بھی پاکستانی کھانوں کا ذکر چلتا ہے ، بریانی کی بات ضرور ہوتی ہے۔اس کی جڑیں صوبہ سندھ میں ملتی ہیں۔ اور سندھی بریانی لوگ بہت پسند کرتے ہیں۔ شادی بیاہ ہو یا عید ملن ، چھوٹی بڑی دعوتوں میں بریانی دسترخوان کی جان ہوتی ہے۔  اس کے علاوہ نہاری اور نان پاکستانیوں خصوصا لاہوریوں کی مرغوب غذا ہے۔ لیکن سب سے زیادہ گائے کے گوشت کی نہاری مشہور ہے۔ یہ عیدالاضحی کے موقع پر خاص طور پر تیار کی جاتی ہے۔  اسی طرح پاکستانیوں کی ایک بہترین ڈش چکن کڑاہی ہے۔یوں تو ہر گھر میں کڑاہی اپنے روایتی انداز میں تیار کی جاتی ہے مگر پنجاب میں کڑاہی کا ایک منفرد معیار ملتا ہے۔ لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب بھر کے شہروں میں بہترین چکن کڑاہی بنتی ہے جسے لوگ بے حد پسند بھی کرتے ہیں۔ اسی طرح حلیم کو بھی  مقبولیت میں الگ مقام حاصل ہے۔ یوں تو حلیم سب سے زیادہ لاہور میں پسند کیا جاتا ہے مگر پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی حلیم دستیاب ہے۔ اس میں گوشت اورمختلف  دالیں استعمال ہوتی ہیں۔

پاکستان کی چند ایسی ڈشز ہیں جوکہ صرف پاکستان میں ہی معیاری اور پرلذت ملتی ہیں اور خاص مصالحہ جات کی وجہ سے ان کا ذائقہ بہترین ہوتا ہے۔۔ان میں سجی ، چپلی کباب ، خادہ گوشت ، اسپیشل پاکستانی باربی کیو جس میں  تکہ، سیخ کباب، ملائی بوٹی اور بہت سی چیزیں شامل ہیں، اپنے ذائقہ اور لذت کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ پاکستان کے لوگ ناشتہ میں حلوہ پوڑی بہت پسند کرتے ہیں۔ سردیوں کی صبح تازہ گرم پوری چھولے اور آلو ، حلوہ پاکستانیوں کا مرغوب اور پسندیدہ ناشتہ ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں کھانوں کی روایات کافی الگ ہیں مگر کچھ ایسی ڈشز ہیں جو کہ اپنے علاقوں کی مناسبت سے ہی مقبول ہیں۔ مثال کے طور پر خان پور کے پیڑے اپنے منفرد ذائقے اور لذت کی وجہ سے پورے پاکستان میں کافی مشہور ہیں ، اسی طرح ملتان کا سوہن حلوہ پاکستان اور پاکستان سے باہر مقیم پاکستانیوں کا پسندیدہ ہے۔بیرون ملک جانے والے لوگ اپنے چاہنے والوں کے لیے تخفہ کے طور پر لے جاتے ہیں۔یہ خاص ملتان کی سوغات ہے۔میٹھے کا ذکر ہوا ہے تو حیدرآباد کی ربڑی کا نام بھی بہت اہم ہے ۔یہ بھی اپنے ذائقہ اور لذت کی وجہ سے مشہور ہے۔اسی طرح شکارپور کے اچار اور مربے پاکستان بھر میں کہیں اور نہیں ملتے۔یہ اپنے ذائقے کے اعتبار سے پاکستان بھر میں مشہور ہیں۔ لاہور شہر کی سوغات لاہوری سری پائے اور لاہوری چرغہ بھی منفرد مصالحہ جات کے استعمال سے بنائے جاتے ہیں جن کا ذائقہ اتنا لزیز ہوتا ہے کہ کھانے والا تعریف کیے بغیر نہیں رہ پاتا۔

یہ کھانے اور مشہور ڈشز پاکستان کی خاص ڈشز میں سے ہیں جوکہ پوری دنیا میں پاکستان کی نسبت سے معروف و مقبول ہیں۔ کھانوں کے شوقین اور خوش ذائقہ افراد کے لیے پاکستانی کھانے ایک عمدہ سوغات ہیں جو لذت اور ذائقہ میں اپنی مثال آپ ہیں۔

Leave a Comment