
پاکستان ٹیکنالوجی کی دنیا میں دوسرے کئی ممالک سے اب تک بہت پیچھے ہے۔ ابھی بھی یہاں ایسی بہت سی ایجادات کی ضرورت ہے جو ملک کو ٹیکنالوجی کی دوڑ میں آگے لاسکیں۔ اسی لیے پاکستان ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنے قدم جمانے کے لیے ہر دن کوششیں کر رہا ہے۔ اس سلسلہ میں بہت سی تحریکیں سرگرداں ہیں۔ اور آئے روز ایسے کئی پروگرام منعقد کرائے جاتے ہیں جو نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور اس کی نت نئی ایجادات سے متعارف کراتے ہیں۔
حال ہی میں پاکستان میں ایسی ہی کانفرنس کے انعقاد کا اہتمام کیا گیا جس کے چرچے اب تک ہورہے ہیں۔ یہ پاکستانیوں کو معاشرتی ، تعلیمی اور تجارتی حوالے سے آگاہ کرنے اوربلخصوص ٹیکنالوجی کے شعور کو عام کرنےکی وجہ سے بہت اہم رہی۔ یہ تحریک پاکستان میں 2015 سے کام کر رہی ہے جوکہ ملک میں لوگوں کو نئی ایجادات اور ٹرینڈز سے متعارف کرانے کا کام کرتی ہے۔ پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کمیونٹی ہونے کی حیثیت سے یہ ماہرین کو کام اور کام کے مواقعوں کے متعلق تصوارات کا تبادلہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
دسمبر ہی میں اس تین روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جسے کونیکٹڈ پاکستان کانفرنس کا نام دیا گیا۔ CPC 23 پاکستان کی سب سے بڑی کانفرنس ہے جو اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ کئی معتبراسلامی شخصیات اور انٹرنیٹ کے کئی مشہور ستاروں کو دیکھا گیا۔ اس کانفرنس میں کئی بڑے بڑے موٹیویشنل اسپیکرز کو مدعو کیا گیا جنہوں نے لوگوں کو اپنے تجربات سے سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ کئی پینل ڈسکشنز ہوئے جس میں ملکی اور غیر ملکی influencers نے گفتگو کی۔ تقریبا 400 اسپیکرز نے گفتگو کی اور لوگوں کو مختلف ایجادات سے متعلق آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ تقریبا 100 سے زائد ٹرینرز بھی شامل ہوئے جنہوں نےنوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی نت نئی ایجادات اور تجارتی ٹریننگ کے لیے معلومات فراہم کیں۔ کانفرنس میں 50 سے زائد ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ پہلے سے کام کرنے والے بڑے بڑے انفلواینسرز کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔
اس کانفرنس کی خاص بات یہ ہے کہ ہر طرح کے اسکالرز کو مدعو کیا گیا تھا ۔کانفرنس میں مفتی طارق مسعود جیسے اسلامی اسکالرز بھی شامل ہوئے اور عرفان جنیجو جیسے انٹرنیٹ سینسیشن بھی۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد صرف قوم کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلہ میں تحریک کے کارفرما ملک کے اندر اور باہر سے ایسے کئی کامیاب تاجروں ، اسکالرز، انٹرنیٹ کے ستاروں اور ٹرینرز کو مدعو کرتے ہیں جو کہ پاکستان کی عوام کو اپنی ذندگی کے ان تجربات سے متعارف کرتے ہیں جن سے گزر کر وہ اس مقام تک پہنچے۔ اس کا بنیادی مقصد لوگوں میں آگاہی اور کام کرنے کا تحرک پیدا کرنا ہے۔
وطن عزیز کو ایسی ہی کئی تحریکوں کی ضرورت ہے جو نوجوانوں کو عملی مثالوں کے زریعے ترقی کی جانب گامزن کر سکیں ۔ کیونکہ نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں اور ملک کی ترقی نوجوانوں کی کامیابی میں ہی مضمر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں سے باور کرایا جائے اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں زیر استعمال لایا جائے تاکہ ملک ٹیکنالوجی اور تجارتی لخاظ سے دوسری قوموں کے شانہ بشانہ چل سکے۔ اسی میں ہماری بقا ہے۔