2023 پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے شادیوں کا سال رہا۔ سوشل میڈیا پر آئے دن ان کھلاڑیوں کی شادی کی تصاویر اور وڈیوز گردش کرتی رہتی ہیں۔ رواں سال قومی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ان کھلاڑیوں نے اپنی اپنی شادی کی تمام اہم تقریبات کی سرخیاں اپنے مداحوں کے لیے اپ لوڈ کیں جن پر مداحوں کی طرف سے نیک تمناوں اور مبارکبادوں کا اظہار کیا گیا۔ اس سال میں شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود ، حارث رووف اور شاداب خان رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ ان کھلاڑیوں نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تو مداحوں نے خوب تعریف کی۔ باقی تمام کھلاڑیوں کے برعکس شاداب خان نے اپنی شادی کو سوشل میڈیا سے دور رکھا اور کوئی تصویر سوشل میڈیا پر مداحوں کے لیے اپلوڈ نہیں کی۔
انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنی شادی کی خبر مداحوں کو دیتے ہوئے شاداب نے لکھا ” میں نے جب کرکٹ کھیلنا شروع کیا ،ابتدا سے ہی اپنے خاندان کو الگ رکھنے کا ارادہ کر لیا تھا اور میرے خاندان نے بھی پبلک لائٹ میں نہ آنے کو ترجیح دی ہے۔اور میری بیوی نے بھی یہی مانگا ہے ، وہ اپنی ذندگی زاتی ہی رکھنا چاہتی ہے۔میں سب سے ہماری ذاتیات کی عزت کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔” شاداب نے اپنی شادی کی تمام تقریبات انتہائی ذاتی رکھیں۔ اپنی بارات کی خبر پوسٹ کرتے ہوئے شاداب نے لکھا، ” میری فیملی کی ذاتی تقریبات کو عزت دینے کے لیے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔” باقی تمام کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور وڈیوز شیئر کیں۔ اور کئی کئی دن مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
حال ہی میں پاکستانی ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا کی زینت بنی رہیں۔ مہندی کی تصاویر کے بعد ان کی جانب سے قوالی نائٹ کی وڈیوز بھی شیئر کی گئی جس میں انہیں قوالی گنگناتے دیکھا جاسکتا ہے۔ قوالی نائٹ میں سابق کپتان بابر اعظم کے ساتھ ساتھ سرفراز احمد کو بھی لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ امام نے کئی مشہور ٹک ٹاکرزTikTokers ) ) اور یو ٹیوبرزyou tubers)) کو بھی دعوت دی اور ان کے ساتھ وڈیوز اور تصاویر بھی اپلوڈ کیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امام الحق نے اپنی قریبی دوست انمول محمود کے ساتھ شادی رچائی ہے جس کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ” آج ہم نہ صرف ذندگی کے پارٹنر بن گئے ہیں بلکہ بہترین دوستی کے بندھن کو بھی مضبوط کیا ہے، جو ہمیشہ ہماری محبت کی کہانی کی بنیاد رہی ہے۔” اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے امام نے مزید لکھا” آج میں نے نہ صرف اپنی بہترین دوست سے شادی کی، بلکہ آپ کے دل میں ہمیشہ کے لیے گھر بھی کر لیا ہے۔” ساتھ ہی ساتھ انہوں نے مداحوں سے دعاوں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی۔
اس پوسٹ کے ساتھ امام نے اپنی شادی کی وڈیو بھی سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شئیر کی جس میں ان کی فیملی اور دوستوں کو اس خوشی میں شریک ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جہاں بہترین دوست کی شادی میں بھرپور شرکت کی ، وہیں ولیمے کی تصاویر بھی شئیر کرتےہوئے دوست کو مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔ بابر اعظم نےپوسٹ کرتے ہوئے دعا دی اور ساتھ لکھا "آپکی ذندگی کی نئی اننگز شروع کرنے کا وقت ہوگیاہے،لیکن دوستوں کےساتھ کچھ وقت گزارنے کی بھی کوشش کریں ۔بھول نہ جانا۔”
امام کے ولیمہ پر بابر کے علاوہ سرفراز احمد ، شاہین شاہ آفریدی ، حسن علی ، اظہر علی اور شان مسعود بھی دکھائی دیے۔
دوسری طرف پھول نگر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر فہیم اشرف کی شادی کی تقریبات بھی ہوئیں جن میں فہیم اشرف کے دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی، ان کے ولیمے کی تقریب 26 نومبر کو ہوئی جس میں کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔
سوشل میڈیا صارفین نے کھلاڑیوں کی خوشی میں شریک ہو کر نیک تمناوں کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کی آنے والی ذندگی میں ڈھیروں خوشیوں کی دعائیں دیں۔