ہم مسلمانوں کا دعویٰ ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ بلاشبہ میں اس بات سے پوری طرح متفق ہوں کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور یہ محض خیال یا دعویٰ نہیں ہے۔ قرآن مجید کی آیات کو پڑھنے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو سمجھنے سے اس دعوے کو ایک مضبوط اور مدلل بنیاد مل جاتی ہے جس کی بناء پر مسلمان بغیر کسی شک و شبہ کے اسلام کو مانتے اور اس کی پیروی کرتے ہیں۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ اس پوری دنیا کے ہر انسان کے لیے۔ اسلام زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کرتا ہے۔ اور ایک مکمل اور واضح طرز زندگی فراہم کرتا ہے۔ یہ انسان کی زندگی کے روحانی، فکری، ذاتی، سماجی، اقتصادی، سیاسی اور بین الاقوامی شعبوں میں رہنمائی کرتا ہے۔
یہ نہ صرف مساجد تک محدود اور مسلمانوں کے لیے مخصوص ہے،بلکہ یہ روزمرہ کی زندگی کے تمام پہلوؤں کے لیے رہنما ہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ ایک مکمل آئین ہے اور مسلمانوں کو راہ راست دکھاتا ہے اور انہیں تمام الجھنوں سے دور رکھتا ہے کیونکہ اسلام منطقی اور عقل پر مبنی ہے۔ دیگر تمام مذاہب کے برعکس راستبازی کا تعلق نہ صرف مذہبی ذمہ داریوں اور روایات سے ہے بلکہ اس کا تعلق زندگی کے ہر معاملے سے بھی ہے۔ اور تمام کاموں میں اس پرعمل کرنا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام خدا کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا طریقہ سکھانے کے لیے ہدایات کا ایک مکمل مجموعہ فراہم کرتا ہے۔ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ کیسے جینا ہے، کیا پہننا ہے اور کیا نہیں پہننا، بولنا اور برتاؤ کیسے کرنا ہے، دوسروں کی مدد کیسے کرنی ہے، کیسے برداشت کرنا ہے اور کیسے معاف کرنا ہے، کیا کھانا اور کیا پینا ہے، کیا کرنا ہے اور کیا نہیں ۔ کس سے بچنا ہے،اور کس کے ساتھ چلنا ہے۔ تجارت کیسے کرنی ہے اور خرید و فروخت کے قوانین کی پیروی کیسے کرنی ہے، خدا کی عبادت کیسے کرنی ہے اور نرم رویہ کیسے رکھنا ہے، کب جنگ میں جانا ہے اور کب امن قائم کرنا ہے، احسان کیسے کرنا ہے اور انصاف کیسے کرنا ہے، کس کے ساتھ محبت کرنی ہے اور کس سے نفرت، مختصراً یہ زندگی کے تمام پہلوؤں پر محیط ہے۔ یہ انسان کے خدا کے ساتھ، اپنی ذات کےساتھ، اپنے خاندان کے ساتھ اور معاشرے کے ساتھ تعلق کو منظم کرتا ہے۔
یہ روزمرہ کی زندگی کے فرائض پر عمل کرنے اور تمام اصول و ضوابط اور قوانین پر عمل کرنے کی معلومات اور ہدایات کا صحیح مجموعہ فراہم کرتا ہے۔ لہذا ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ زندگی کے تمام پہلوؤں کا مکمل احاطہ کرتا ہے اور مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ اور اسلام کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہ نہ صرف مسلمانوں کے لیے ہے بلکہ غیر مسلم بھی اپنی روزمرہ کی زندگی میں یکساں طور پر اسلام سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن ایک مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم اسلام پر زیادہ سے زیادہ علم حاصل کرنے کی کوشش کریں اور جانیں کہ اسلام ہمیں اصل میں کیا سکھاتا ہے۔ اسلام کے بارے میں بہت زیادہ علم حاصل کرنے اور اللہ تعالی پر پختہ یقین رکھنے کے لیے بنیادی ذریعہ قرآن کی تعلیمات ہیں جو اس قابل بناتی ہیں کہ ہم سیدھے راستے پر چل سکیں اور محبت اور شکر کے ساتھ اللہ کی عبادت کر سکیں۔ خالق اور اس کے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو جاننا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ کیونکہ اس مختصر زندگی میں اسلام کی تعلیم پر عمل کرنا اور اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرنا ہی ہمارا اولین فریضہ ہے۔ اللہ پر پختہ ایمان ہی سلام کی روح ہے۔ جو لوگ اسلام کی ہدایات کو اپناتے ہیں اور اس کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی بسر کرتے ہیں وہ اللہ پر پختہ یقین رکھتے ہیں، محبت، خوف اور توکل کے ساتھ اللہ کی عبادت کرتے ہیں۔ ایک مسلمان ہونے کے ناطے میں نے محسوس کیا کہ زندگی کے ہر واقعے میں خواہ وہ مثبت ہو یا منفی اللہ پر کامل یقین میں ہی ہماری کامیابی ہے۔ بعض اوقات اس نے میری زندگی میں فائدہ مند مواقع پیدا کیے ہیں اور مجھے ممکنہ طور پر نقصان دہ حالات سے بھی مخفوظ رکھا ہے۔ اور کبھی کبھار ذندگی میں آزمائش سے دوچار کیا لیکن ہر مقام پر میرا حامی و ناصر رہا۔میرا ماننا ہے کہ اس دنیا کے ختم ہونے تک سلام پوری دنیا کے تمام انسانوں کے لیے ہدایت اور کامیابی کا آخری اور واحد راستہ ہے اور رہے گا۔ اسلام پائیندہ باد۔