شوبز کے ستارے آئے روز سوشل میڈیا پر گردش کرتے رہتے ہیں۔ کہیں کسی کو مداحوں کی جانب سے داد و تحسین وصول ہوتی ہے تو اکثر شدید trolling کی زد میں آجاتے ہیں۔ رواں دنوں میں ایسی کئی سرخیاں سوشل میڈیا کی زینت بنی رہیں ۔
تقریب میں ہانیہ عامر کے نام کے نعرے لگانے پر عاصم اظہر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
پاکستانی گلوکار عاصم اظہر یاسر حسین کے ساتھ نجی یونیورسٹی میں تقریب میں شامل ہوئے۔ گفتگو کے آغاز میں ہی طالبعلموں نے ہانیہ ہانیہ کے نعرے لگائے جس پر عاصم غصے میں آگئے۔ اور طالبعلموں کو ڈانٹ کر کہا ” کیا ہو گیا بیٹا؟ آئی بی اے ہی آئے ہو یا پاگل خانے آئے ہو ؟ اس کے بعد یاسر حسین نے بھی ماحول کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ” یہاں سب پڑھے لکھے نوجوان ہیں۔ براہ مہربانی ایسا نہ کریں اور پرسکون رہیں۔ اس کے بعد آپ نے کانسرٹ میں بھی جانا ہے یا کانسرٹ منسوخ کرانا ہے ؟ یہ وڈیو سوشل میڈیا پر کئی دن چھائی رہی۔
ڈرامہ تیرے بن کے سیزن 2 کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستانی مقبول ترین ڈرامہ ” تیرے بن” نے مداحوں کی خوب داد سمیٹی ۔ اس کے مرکزی کرداروں میں وہاج علی اور یمنی زیدی کی اداکاری کو لوگوں نے خوب سراہا۔ اس ڈرامہ کی ہدایت کاری سراج الحق نے کی ہے جبکہ کہانی نوراں مخدوم نے لکھی ہے۔ ڈرامہ کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی کہ ڈرامہ تیرے بن سیزن 2 آئندہ ماہ 29 دسمبر 2023 سے نشر کیا جائے گا۔ عبداللہ کادوانی کا مزید کہنا تھا کہ ڈرامہ بہت حیرت انگیز ہونے والا ہے۔ وعدہ ہے کہ آپ کو سیزن 2 بہت پسند آئے گا۔
صاحبہ افضل نے ریمبو سے شادی کرنے کی وجہ پر دلچسب جواب دیا۔
ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ نے کئی مزاحیہ تبصرے کیے اور اپنے کریئر سے متعلق کافی کچھ بتایا۔ اداکارہ سے ریمبو کے ساتھ شادی کے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ” پہلی بار بتانا چاہتی ہوں کہ میرا پہلا پیار ریمبو نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری تھی، آپ اپنا پہلا پیار نہیں بھول سکتے، مجھے اپنے کام سے بہت عشق رہا ہے۔‘اسی بات کو مزید جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جب عشق کے ساتھ محبت ہوئی تو میرا کام عدم توازن کا شکار ہوگیا، اس وقت شادی کرنی اس لیے ضروری تھی کیونکہ ریمبو صاحب کی عمر نکلی جارہی تھی” جس پر تمام ناظرین ہنسنے لگے۔
دو ٹکے کی لڑکی کا ڈائیلاگ عام خواتین کے لیے نہیں تھا ۔
ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں اداکار عدنان صدیقی نے مشہور ڈرامہ میرے پاس تم ہو کے ڈائیلاگ کے متعلق بات کی اور کہا کہ دو ٹکے کی لڑکی کا ڈایئلاگ ڈرامہ کی مرکزی کردار مہوش کے لیے تھا ، عام خواتین کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں ۔ رائٹر خلیل الرحمن نے بھی اس پر وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ڈایئلاگ اس عورت کے لیے ہے جو اپنے شوہر کو دھوکہ دے رہی ہے کسی اور عورت کے لیے نہیں ہے۔
خلیل الرحمن کی ماہرہ کے بعد صبا قمر پر سخت تنقید ۔
معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن نے ایک ٹی وی چینل پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور عورت مارچ اور میرا جسم میری مرضی جیسے نعروں سمیت کئی موضوعات پر گفتگو کی۔ اس کے بعد اینکر کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اگر مختلف اداکاروں کی ذندگی پر کتاب لکھیں گے تو ان کے عنوانات کیا ہوں گے۔ میزبان نے سب سے پہلے اداکارہ صبا قمر کا نام لیا اور پوچھا ، ان کی ذندگی پر کتاب لکھیں گے تو اس کا کیا عنوان ہوگا؟ جس پر خلیل الرحمن نے غصے سے جواب دیتے ہوئے کہا ” میں کبھی بھی صبا قمر پر کوئی کتاب نہیں لکھوں گا۔ ” انہوں نے مزید کہا ” معذرت کے ساتھ مگر میں نے حالیہ لکس سٹائل ایوارڈ شو میں صبا کا لباس دیکھا اور میرا دل اچاٹ ہوگیا۔ ” سوشل میڈیا پر یہ کلپ بہت وائرل ہوا اور صارفین نے خلیل الرحمن کی بھرپور حمایت بھی کی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ شوبز مین کوئی تو ایسی شخصیت ہے جو اس طرح کے موضوع پر بھی بات کرنے کی اہل ہے۔
شگفتہ اعجاز کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں رومانوی مناظر ڈال کر ریٹنگ حاصل کی جاتی ہے۔
ایک ٹی وی شو میں انٹرویو کے دوران سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے یکسانیت کا شکار ہیں۔ خواتین اداکاراوں کو مجبور عورت کے کردار سمیت کمزور کردار دئیے جاتے ہیں۔ ماضی میں لوگ اپنے پسندیدہ ڈراموں کا بے صبری سے انتظار کیا کرتے تھے ۔مگر اب ایسا نہیں ہے۔ ڈراموں میں کوئی اچھا معیاری مواد نہیں ہے ۔ رومانوی مناظر شامل کر کے ریٹنگ حاصل کر لی جاتی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ تمام باتیں سرخیوں کی صورت گردش کرتی رہی ہیں۔ جوکہ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کے لیے خوش آئند اور مثبت پہلووں کی امید ہیں۔